(دن نیوز) میکسیکو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں سابق ملکہ حسن کیرولائنا فلورس گومیز کو مبینہ طور پر ان کی ساس نے گولی مار کر قتل کردیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں 15 اپریل کو پیش آیا جہاں 27 سالہ کیرولائنا فلورس گومیز اپنے گھر میں موجود تھیں۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ملزمہ یعنی ساس اچانک گھر میں داخل ہوئیں اور خاتون پر فائرنگ کردی۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ کا شوہر اپنے بچے کو گود میں اٹھائے کمرے سے باہر آیا تو صورتحال کا سامنا ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران ملزمہ نے شوہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتولہ نے اسے غصہ دلایا جبکہ بعد میں شوہر نے جواب دیا کہ وہ اس کا خاندان ہے۔ اسی دوران ساس نے الزام عائد کیا کہ مقتولہ نے اس کے بیٹے کو اس سے دور کردیا ہے۔ واقعے کے ایک روز بعد مقتولہ کے شوہر نے یہ معاملہ میکسیکو سٹی پراسیکیوٹرز آفس میں رپورٹ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملزمہ فرار ہوگئی ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ کیرولائنا فلورس گومیز نے 2017 میں مس ٹین یونیورس باخا کیلیفورنیا کا ٹائٹل جیتا تھا اور وہ ماڈلنگ کے شعبے میں اپنی پہچان رکھتی تھیں۔ یہ واقعہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شدید افسوس اور تشویش کا باعث بنا ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔