(دن نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مؤثر ریاست کے طور پر اپنی شناخت مضبوط بنائی ہے۔ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے بعد حالات اور شواہد نے پاکستان کے مؤقف کو مزید واضح کر دیا ہے اور دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے ہر مرحلے پر ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورمز پر اپنا بیانیہ مؤثر انداز میں پیش کیا جس کے نتیجے میں بین الاقوامی برادری میں اس کی ساکھ بہتر ہوئی اور اسے ایک امن پسند ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عطا تارڑ نے کلبھوشن یادیو کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اور اس کیس نے پاکستان کے مؤقف کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بھارت بھی اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ وہ پاکستان کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیانیے کی جنگ میں پاکستانی عوام، میڈیا اور ریاستی اداروں نے ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا جس سے عالمی رائے عامہ پر مثبت اثر پڑا اور پاکستان کا نقطہ نظر مؤثر طریقے سے اجاگر ہوا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس دوران نوجوانوں نے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر فعال کردار ادا کیا اور ملکی موقف کو دنیا تک پہنچانے میں اہم حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت سفارتی اور عسکری دونوں میدانوں میں ایک مستحکم مقام رکھتا ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے اس کی قیادت اور پالیسیوں کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عطا تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ سفارتی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔