(دن نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن کے حوالے سے ان کا مؤقف آج بھی وہی ہے جو پہلے دن سے تھا۔ انہوں نے یہ بات صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
محسن نقوی کے مطابق سی ڈی اے کا بھی یہی مؤقف ہے کہ متعلقہ معاملہ غیر قانونی طور پر فروخت کیا گیا، اور اب اس پر بنائی گئی کمیٹی کے سامنے بھی یہی موقف رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے نظام میں قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ غریب اور امیر کے لیے الگ الگ قانون ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس نوعیت کا بڑا اسکینڈل شاید ہی کبھی سامنے آیا ہو، جس میں متعدد افراد کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسے معاملات میں صرف عمارتوں یا اداروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ان افراد کی بھی نشاندہی ضروری ہے جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے کے مؤقف کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہیں۔