(دن نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی کے قریب پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے بعد زخمی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ کورنگی بلال چورنگی اور باغِ کورنگی کے قریب پیش آیا جہاں پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت راشد ولد عطا کریم کے نام سے کی گئی ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں معیز، وقار اور انس شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے تین پستول، متعدد گولیاں، موبائل فونز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں جنہیں تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے مجرمانہ ریکارڈ اور ممکنہ سابقہ وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے جبکہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔