(دن نیوز) بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ رچت سنگھ کے ساتھ جلد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں اور اس حوالے سے ابتدائی تیاریاں بھی شروع ہو چکی ہیں۔ ویب ڈیسک کے مطابق اطلاعات ہیں کہ دونوں کی شادی اسی سال اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے تاہم اس بارے میں ابھی تک کسی بھی فریق کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہما قریشی کی عمر جولائی 2026 میں چالیس سال ہو جائے گی جبکہ حال ہی میں انہیں ممبئی ایئرپورٹ پر رچت سنگھ کے ساتھ دیکھا گیا جس کے بعد ان کے تعلقات اور ممکنہ شادی سے متعلق قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ اس شادی کو نہایت سادہ اور نجی انداز میں منعقد کرنا چاہتی ہیں جس میں صرف قریبی خاندان اور محدود دوستوں کو مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم شادی کے بعد ایک بڑی استقبالیہ تقریب منعقد کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جا سکتی ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اس گرینڈ رسیپشن کی ممکنہ جگہ ممبئی ہو سکتی ہے۔ دونوں کے تعلقات اس وقت خبروں کی زینت بنے جب وہ ایک فلم کی اسکریننگ اور بعد ازاں ایک شادی کی تقریب میں ایک ساتھ دیکھے گئے جس کے بعد ان کے رومانوی تعلقات پر مزید بات چیت شروع ہو گئی۔