(دن نیوز) مصر کے نامور اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار ہانی شاکر طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے جس کے بعد عرب موسیقی کی دنیا میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ویب ڈیسک کے مطابق ہانی شاکر کافی عرصے سے صحت کے پیچیدہ مسائل کے باعث فرانس میں زیر علاج تھے جہاں ابتدائی بہتری کے باوجود ان کی حالت اچانک بگڑ گئی اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ قاہرہ میں پیدا ہونے والے ہانی شاکر نے 1970 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور جلد ہی عرب دنیا کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہونے لگے۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے 600 سے زائد گانے اور تقریباً 29 البمز ریلیز کیے جنہوں نے انہیں موسیقی کے میدان میں ایک منفرد مقام دلایا۔ ان کی آواز اور گلوکاری کے انداز کو عرب موسیقی میں ایک اہم شناخت حاصل رہی اور ان کے گانے کئی دہائیوں تک مقبول رہے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور فنکار برادری میں سوگ کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے جبکہ انہیں عرب موسیقی کے ایک بڑے ستون کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔