مولانا محمد ادریس کا قتل ،، جے یو آئی (ف) کا کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

(دن نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے صوبائی سرپرست مولانا محمد ادریس کے قتل کے خلاف کل (بدھ) ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام صوبوں اور اضلاع میں مظاہروں کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ پارٹی کی صوبائی قیادت کے مطابق مولانا محمد ادریس کو آج قتل کیا گیا جس کے بعد جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل ایسے واقعات کا پیش آنا تشویشناک ہے اور سوال یہ ہے کہ عوام کب تک اپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے اور اگر حکومت عوام کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو اس کی ذمہ داری پر سوالات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل ملک کے تمام اضلاع میں بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن میں کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے اور حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ علما ہمیشہ ریاست کے خیر خواہ رہے ہیں مگر انہیں مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ایک تشویشناک رجحان ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ تیرہ برس سے قائم انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے اور موجودہ صورتحال میں عوام کو عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں حکومتی رٹ کمزور دکھائی دیتی ہے اور حالات فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل ہونے والا احتجاج نہ صرف بدامنی کے خلاف ہوگا بلکہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے خلاف بھی آواز بلند کی جائے گی تاکہ ذمہ داران کو عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر مجبور کیا جا سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *