کیمبرج اے لیول بزنس اسٹڈیز پرچہ سوشل میڈیا پر لیک ،، امتحانی شفافیت پر سوالات اٹھ گئے

(دن نیوز)انٹرنیشنل کیمبرج امتحانات کے اے لیول بزنس اسٹڈیز کا پرچہ سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر لیک ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے امتحانی نظام کی شفافیت اور سیکیورٹی پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق منگل کو منعقد ہونے والے بزنس اسٹڈیز کے پرچے کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پرچہ پیر کی رات ہی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگا تھا جس سے طلبہ اور تعلیمی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واقعے کے بعد امتحان دینے والے طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے تاہم تاحال کیمبرج انٹرنیشنل کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق اگر امتحانی پرچوں کی بروقت اور قبل از وقت لیکیج کی شکایات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ بین الاقوامی امتحانی نظام کی ساکھ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل بھی کیمبرج امتحانات کے ریاضی کے پرچے کے لیک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد امتحانی سیکیورٹی پر مزید سختی کی توقع کی جا رہی تھی۔ اس تازہ واقعے نے ایک بار پھر امتحانی پرچوں کی ترسیل اور حفاظت کے نظام پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے جبکہ والدین اور طلبہ کی جانب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف طلبہ کی محنت پر اثر انداز ہوتے ہیں بلکہ مجموعی تعلیمی اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *