(دن فارن ڈیسک)آبنائے ہرمز کے حساس بحری راستے میں ایک اور کشیدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں فرانسیسی شپنگ کمپنی کے بحری جہاز سان انتونیو کو دورانِ سفر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز کے متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جبکہ جہاز کو بھی جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا، جو عالمی سطح پر تیل اور تجارتی ترسیل کا ایک اہم بحری گزرگاہ سمجھا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے فوری بعد جہاز پر موجود عملے کو ہنگامی اقدامات کے تحت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ مزید علاج کے لیے انہیں قریبی طبی مراکز تک پہنچانے کا عمل جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جہاز کے عملے کے ساتھ براہ راست رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ان کی حفاظت اور بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ واقعے کے بعد بحری سلامتی سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز پہلے ہی عالمی توانائی ترسیل کے لحاظ سے حساس اور اہم خطہ تصور کیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی شپنگ ذرائع کے مطابق اس نوعیت کے واقعات عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور بحری کمپنیوں کو اضافی سیکیورٹی اقدامات اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ فرانسیسی کمپنی نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم تحقیقات اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔