ایرانی وزیر خارجہ کی بیجنگ میں چینی ہم منصب سے ملاقات،،چین نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کیخلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دے دیا

(دن فارن ڈیسک)چین نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری عسکری کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور اس کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے یہ مؤقف ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران پیش کیا جو کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، ایران کے ساتھ جاری تنازع اور ممکنہ سفارتی راستوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وانگ ای نے کہا کہ چین خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ مزید تصادم سے بچا جا سکے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں فوجی اقدامات کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں ہیں اور بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔ ملاقات کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ ایک شفاف اور جامع معاہدہ چاہتا ہے جس میں تمام فریقین کے تحفظات کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے چین کو ایران کا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں استحکام، اقتصادی تعاون اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا جبکہ اس بات پر زور دیا گیا کہ کشیدگی میں کمی پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *