دانانیر مبین کی فلمی شروعات پر یمنیٰ زیدی کا خصوصی پیغام وائرل ہوگیا

(دن نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اداکارہ دانانیر مبین کی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل انہیں خصوصی انداز میں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں، جس کے بعد دونوں فنکاراؤں کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ یمنیٰ زیدی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دانانیر مبین کی فلم “میرا لیاری” کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ دانانیر کی سلور اسکرین پر ڈیبیو کے لیے بے حد پرجوش اور فخر محسوس کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے فلم کی پوری ٹیم کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دانانیر مبین کی یہ فلم 8 مئی کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جا رہی ہے جبکہ اس کا ورلڈ پریمیئر لندن میں ہونے والے یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں منعقد کیا گیا جہاں فلم کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ فلم “میرا لیاری” ایک اسپورٹس ڈرامہ ہے جس میں دانانیر مبین “افسانہ” نامی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو فٹبال کے ذریعے اپنی شناخت اور خوداعتمادی حاصل کرتی ہے۔ فلم کی کہانی کراچی کے علاقے لیاری کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے اور اس میں خواتین کھلاڑیوں کی جدوجہد کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم کی ہدایتکاری اور کہانی ابو علیحہ نے لکھی ہے جبکہ اداکارہ عائشہ عمر بھی اہم کردار میں موجود ہیں اور بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی فلم کا حصہ ہیں۔ دانانیر مبین نے لندن پریمیئر کے دوران اپنے منفرد بلوچی انداز کے لباس سے بھی خاص توجہ حاصل کی، جسے مداحوں اور فیشن حلقوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *