وزیر صحت کا راولپنڈی اسپتال کے انفراسٹرکچر مسائل پر فوری اقدامات کا حکم

(دن نیوز) پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بینظیر بھٹو اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے اسپتال میں زیرزمین پانی کی سطح بڑھنے اور بیسمنٹ میں پانی رساؤ کے مسئلے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پانی رساؤ کے دیرپا اور مستقل حل کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات شروع کیے جائیں کیونکہ پانی کا مسلسل رساؤ اسپتال کے انفراسٹرکچر کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیر صحت نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کے دوران علاج معالجے اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی صحت کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بعد ازاں خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو، واسا اور اسپتال انتظامیہ کے حکام نے زیرزمین پانی کی صورتحال اور پانی رساؤ کی وجوہات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق زیرزمین پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ اس مسئلے کی بنیادی وجہ ہے۔ وزیر صحت نے مسئلے کے پائیدار حل کیلئے سائنسی بنیادوں پر جامع اسٹڈی اور فوری سروے کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے زچہ بچہ اسپتال کا بھی معائنہ کیا جہاں متعلقہ حکام نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جبکہ خواجہ سلمان رفیق نے تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *