(دن نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے آغاز سے قبل ڈھاکا میں ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کردی گئی۔ ڈھاکا اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے مشترکہ طور پر ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ دونوں کپتانوں نے فوٹو سیشن میں حصہ لیا اور سیریز کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل میرپور ڈھاکا میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 16 مئی کو سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ اسکواڈ میں عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی اور امام الحق شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ کوچنگ اسٹاف میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سابق کپتان سرفراز احمد کو بنگلا دیش ٹور کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کو بیٹنگ کوچ جبکہ عمر گل کو بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز عالمی ٹیسٹ کرکٹ کے تناظر میں اہم تصور کی جا رہی ہے اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اس مقابلے کا انتظار کر رہی ہے۔ بنگلا دیش کرکٹ حکام کی جانب سے سیریز کیلئے سیکیورٹی اور انتظامی معاملات مکمل ہونے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ دونوں ٹیموں نے میچز سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔