(دن نیوز)بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں ایم ایٹ شاہراہ پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 مسافر جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ ایم ایٹ شاہراہ پر تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں جبکہ مقامی افراد، ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زخمیوں اور لاشوں کو کوچ سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ڈی ایس پی محمد یونس کے مطابق حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک شدید زخمی مسافر اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جس کے باعث حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 22 زخمیوں کو مختلف طبی مراکز میں منتقل کیا گیا جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ طبی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ حادثے کے بعد ایم ایٹ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کچھ دیر متاثر رہی جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے جائے حادثہ سے کوچ کو ہٹا کر سڑک بحال کر دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری، ممکنہ طور پر ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہونے اور شاہراہ کی صورتحال کے باعث پیش آیا تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور ان کے اہل خانہ سے رابطے کا عمل بھی جاری ہے۔ بلوچستان میں طویل شاہراہوں پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے بعد ایک بار پھر بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ، ڈرائیورز کی تربیت اور شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔