(دن نیوز)باجوڑ اور مہمند کے سرحدی پہاڑی علاقے سے پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہوئی ہے ، ابتدائی معلومات کے مطابق کانسٹیبل ناظم اللہ کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا اور بعد ازاں اس کی لاش پہاڑی علاقے سے ملی۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاش پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں جبکہ ڈی ایس پی سعید الرحمٰن نے بتایا ہے کہ اہلکار کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ کانسٹیبل ناظم اللہ تھانہ برنگ کی سند غاڑہ پوسٹ پر تعینات تھا اور اپنے فرائض انجام دے رہا تھا کہ اس دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ ملزمان کی نشاندہی کی جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور قریبی چیک پوسٹوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مکمل رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور پولیس کی جانب سے گشت مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔