اداکار نعمان مسعود کا  ریسٹورنٹس اور کیفوں کے اوقات کار محدود کیے جانے پر اظہار تشویش 

 (دن نیوز) پاکستانی اداکار نعمان مسعود نے حکومت کی کفایت شعاری اور اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے تحت ریسٹورنٹس اور کیفے کے اوقات کار محدود کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ انسٹاگرام پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں نعمان مسعود نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف ان کے ذاتی کاروبار تک محدود نہیں بلکہ اس سے جڑے ہزاروں افراد کے روزگار پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں مختلف حالات اور حکومتی پابندیوں کے باعث ریسٹورنٹ انڈسٹری پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہے جبکہ رات کے اوقات میں جلد بندش نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق گرمیوں کے موسم میں شہری زیادہ تر رات کے وقت اہل خانہ کے ساتھ باہر نکلتے ہیں اور ریسٹورنٹس فیملی تفریح کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں، ایسے میں محدود اوقات کاروبار کو متاثر کر رہے ہیں۔ نعمان مسعود نے کہا کہ چھوٹے بڑے تمام ریسٹورنٹس اپنے ملازمین کے ساتھ شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اخراجات بڑھ چکے ہیں جبکہ آمدن کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنا بھی ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پالیسی پر نظرثانی کی جائے تاکہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو ریلیف مل سکے، کیونکہ یہ شعبہ نہ صرف بڑی تعداد میں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہے بلکہ شہریوں کی روزمرہ تفریح کا بھی اہم حصہ ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *