(دن نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کی واپسی نے میوزیکل اور اسپورٹس دونوں حلقوں میں خاص توجہ حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے نیا آفیشل ترانہ ’ڈائے ڈائے‘ کا ٹیزر جاری کیا ہے جس کی مکمل ریلیز 14 مئی کو متوقع ہے۔ یہ گانا شکیرا اور نائجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی شکیرا فیفا ورلڈ کپ کے متعدد آفیشل ترانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں جن میں 2010 کا مشہور گانا ’واکا واکا‘، 2014 کا ’لا لا لا‘ اور 2006 کی افتتاحی تقریب میں پیش کیا گیا گانا شامل ہے۔ نئے ترانے کا ٹیزر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا جسے کروڑوں صارفین نے دیکھا اور اس پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔
ویڈیو کی ریکارڈنگ برازیل کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کی گئی ہے جس میں شکیرا مختلف رقاصوں کے ساتھ نظر آتی ہیں اور پس منظر میں مختلف ممالک کی ٹیموں کی جرسیوں کے رنگ نمایاں ہیں۔ ٹیزر کی مقبولیت نے فٹبال شائقین میں ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔ یہ ایونٹ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا جس کا آغاز جون 2026 میں ہوگا جبکہ فائنل نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔ فیفا نے اس بار پہلی مرتبہ فائنل کے دوران سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کی تیاری معروف موسیقار کریس مارٹن کی نگرانی میں جاری ہے۔