بلوچستان میں حادثات اور فائرنگ کے واقعات،، 23 افراد جاں بحق

فاعل فوٹو

(دن نیوز)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات کے دوران مجموعی طور پر 23 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر ایک کار اور بوزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 6 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے بوزر سے ٹکرا گئی، حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد افغان شہری تھے جو غیر قانونی طور پر سفر کر رہے تھے۔ ایک اور واقعے میں خانوزئی کے علاقے کے قریب ایک لوڈر رکشہ گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ گڈانی کے سمندر میں نہاتے ہوئے دو نوجوان 24 سالہ حماد اور 17 سالہ محسن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ حب کے علاقے حسن پیر کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں محمد گل نامی شخص جان سے گیا۔ پولیس کے مطابق گڈانی اسٹاپ کے قریب سے ایک خاتون کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے جسے شناخت کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسی طرح نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں نامعلوم مسلح افراد نے بوائز ہائی اسکول کی لائبریری میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد حق نواز جمالدینی اور محمد اکرم جمالدینی جاں بحق ہوگئے۔ ایک اور افسوسناک واقعے میں ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ کے ایک گاؤں میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا۔ حکام کے مطابق تمام واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی ادارے علاقے میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں پیش آنے والے ان واقعات کے بعد ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *