تاجروں کا عید پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)لاہور کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں، چین سٹورز اور گراسری سٹورز کے تاجروں نے عید کے موقع پر ممکنہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ عید کے ایام سال کی سب سے بڑی کاروباری سرگرمیوں کا وقت ہوتے ہیں، جس دوران سیل میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

تاجر رہنما شاہد نذیر نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر عید کے دوران دکانیں مسلسل کھلی رہیں تو نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مطابق کاروبار کو محدود کرنے کے بجائے سہولت دینا زیادہ بہتر حکمت عملی ہے۔

چیئرمین ریٹیل چین رانا طارق محبوب نے کہا کہ عید کے موقع پر تاجروں کو اچھی سیل کی توقع ہوتی ہے، اس لیے اس دوران کاروبار کو بند کرنے کے بجائے کھلا رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق تجارتی سرگرمیوں میں نرمی سے نہ صرف مارکیٹ کا ماحول بہتر ہوتا ہے بلکہ معیشت کو بھی سہارا ملتا ہے۔

تاجروں نے مزید کہا کہ گراسری سٹورز اور سپر مارکیٹس شہریوں کو بنیادی اشیائے خوردونوش فراہم کرتی ہیں، اس لیے ان کا مسلسل کھلا رہنا عوام کی ضرورت بھی ہے۔ لاہور سپر مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ عید کے دنوں میں بڑی تعداد میں شہری خریداری کے لیے مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں، اس لیے دکانوں کے کھلے رہنے سے عوام کو سہولت ملتی ہے۔

تاجر نمائندوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عید کے موقع پر مارکیٹوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور عوام کو بھی خریداری میں آسانی میسر آ سکے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *