(دن نیوز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے کارپوریٹ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے میں سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت تجارت کے مطابق وفد نے وزیر تجارت کو شعبے کی موجودہ صورتحال، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریٹ ڈیری فارمز میں جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقہ کار کے استعمال سے دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وفد نے کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق دودھ اور ویلیو ایڈڈ ڈیری مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں، جبکہ یہ شعبہ درآمدی متبادل، روزگار اور فنی مہارت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وفد کے مطابق آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کی جدید مہارت اور ٹیکنالوجی سے پاکستانی ڈیری سیکٹر کو فائدہ پہنچا ہے، جس سے پیداوار اور معیار میں بہتری آئی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے میں بے پناہ ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے آسان فنانسنگ اور سرمایہ تک رسائی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ بہتر مالی معاونت سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
جام کمال خان نے مزید کہا کہ اصل مسئلہ پالیسی نہیں بلکہ اس پر مؤثر عملدرآمد ہے، اور حکومت کاروباری سہولت اور بہتر انتظامی نظام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون فوڈ سکیورٹی اور برآمدات میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے اونٹنی کے دودھ اور لائیو اسٹاک کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقے اونٹ فارمنگ کے لیے موزوں ہیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن سے ٹیکس، فنانسنگ، ویکسین اور برآمدات سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں۔