پنجاب حکومت کاپبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا نوٹس

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں خودساختہ اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو عملدرآمد یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوام سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کرایے نہ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ متعدد نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بیانِ حلفی بھی جمع کرا دیے ہیں۔

سیکرٹری آر ٹی اے لاہور رانا محسن کے مطابق مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مقررہ کرایوں پر عمل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹرانسپورٹرز خودساختہ اضافہ کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مختلف پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 100 سے 450 روپے تک اضافہ کر دیا تھا۔ لاہور سے راولپنڈی، پشاور، کراچی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا تھا، جس پر مسافروں نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے کرایوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *