(دن نیوز)سوات میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے جب ایک مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ملم جبہ کے علاقے سیر تلیگرام سے گناجیر کی جانب جا رہی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گناجیر کے قریب گاڑی اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے کھائی سے گیارہ افراد کی لاشیں نکالیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوارہو گئی۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تفصیلات جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں دشوار گزار سڑک اور گاڑی پر کنٹرول کھو دینا شامل ہو سکتا ہے تاہم حتمی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سوات اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں ماضی میں بھی اس نوعیت کے حادثات پیش آتے رہے ہیں جہاں تنگ اور خطرناک سڑکیں ٹریفک حادثات کا باعث بنتی ہیں۔