رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی قاتلانہ حملے میں شدید زخمی،،حالت تشویشناک،،4 ساتھی جاں بحق

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن نیوز)ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ حملے میں ان کے چار ساتھی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ رجانہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایم پی اے ایوب گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایوب گادھی شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کے قریبی ساتھیوں کو بھی گولیاں لگیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں ندیم، خالق داد بلوچ، ضیغم اور حق نواز شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ زخمی ایم پی اے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد آئی جی پنجاب عبدالکریم نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں حملے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔ سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے جبکہ حکام نے ملوث افراد کو جلد گرفتار کرنے کا یقین دلایا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *