(دن نیوز) نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دالیں، چنے، لوبیا اور سویا سے تیار کردہ غذاؤں کا باقاعدہ استعمال ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتا ہے۔ مختلف بین الاقوامی ماہرین اور کنگز کالج لندن سے وابستہ محققین کی مشترکہ تحقیق کے نتائج طبی جریدے بی ایم جے نیوٹریشن پریونشن اینڈ ہیلتھ میں شائع کیے گئے ہیں۔ تحقیق کے دوران بارہ مختلف مطالعات کے ڈیٹا کو یکجا کرکے تفصیلی تجزیہ کیا گیا جس میں مختلف عمر اور طرز زندگی رکھنے والے افراد کی غذائی عادات اور صحت کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق وہ افراد جو دالیں، لوبیا اور چنے زیادہ مقدار میں استعمال کرتے تھے، ان میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں نمایاں کم پایا گیا جو ان غذاؤں کا کم استعمال کرتے تھے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ تقریباً 170 گرام دالیں، چنے یا لوبیا کھانے والے افراد میں ہائی بلڈ پریشر کے امکانات تقریباً 30 فیصد تک کم دیکھے گئے۔ اسی طرح سویا سے بنی غذائیں جیسے ٹوفو اور ایڈامامی کا روزانہ 60 سے 80 گرام استعمال کرنے والے افراد میں بھی ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 28 سے 29 فیصد تک کم پایا گیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ دالیں اور سویا پروٹین، فائبر، پوٹاشیم اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں جو خون کی روانی بہتر بنانے اور دل کی صحت کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ متوازن غذا میں دالوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال دل کے امراض، موٹاپے اور بلڈ پریشر جیسے مسائل سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ پراسیس شدہ اور زیادہ نمک والی غذاؤں سے پرہیز صحت کیلئے مفید ثابت ہوتا ہے۔