مستونگ ویئر ہاؤس میں آتشزدگی ،،37 افراد جھلس گئے،،کوئٹہ کراچی شاہراہ بند، اربوں کا سامان جل کرراکھ ہو گیا

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن نیوز)مستونگ کے علاقے لک پاس میں واقع پاکستان کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایل پی جی باوزرز اور گیس سلنڈرز میں دھماکوں سے کم از کم 37 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ اربوں روپے مالیت کا سامان اور متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا جب ویئر ہاؤس میں اچانک آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام میں پھیل گئی۔ آگ کے باعث بلند شعلے دور دور تک دکھائی دیے جبکہ مسلسل دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق واقعے کے بعد کوئٹہ اور کراچی کو ملانے والی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی برن یونٹ منتقل کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 30 ریسکیورز، 13 ایمبولینسز، 4 فائر ٹرکس اور 7 واٹر باوزرز نے حصہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویئر ہاؤس میں بڑی مقدار میں ایل پی جی سلنڈرز، ایندھن اور کیمیکل موجود ہونے کی وجہ سے صورتحال انتہائی خطرناک بنی۔ ریسکیو کارروائی کے دوران ریلیف کمشنر، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر مقامی افسران معمولی زخمی بھی ہوئے۔ حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کو 500 گز کے دائرے میں سیل کر دیا ہے جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے عوام کو قریب جانے سے روک دیا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق آگ سے ہونے والا نقصان اربوں روپے تک پہنچ سکتا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *