(دن نیوز) امریکا سے روانہ ہونے والے سیاحتی کروز جہاز کیریبیئن پرنسس میں متعدی معدے کے وائرس نورووائرس کے پھیلاؤ کے باعث سیکڑوں مسافر بیمار ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز میں سوار تین ہزار سے زائد افراد میں سے 102 مسافر اور 13 عملے کے ارکان میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ کروز جہاز 28 اپریل کو امریکی ریاست فلوریڈا سے گیارہ روزہ سفر پر روانہ ہوا تھا جس کے دوران متعدد افراد میں اچانک الٹی، اسہال اور معدے کی خرابی جیسی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئیں۔ امریکی ادارہ صحت کے مطابق نورو وائرس انتہائی متعدی نوعیت کا وائرس ہے جو تیزی سے ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہو سکتا ہے اور خاص طور پر بند ماحول جیسے کروز جہازوں میں اس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر دیگر مسافروں سے الگ کر دیا گیا ہے جبکہ کروز کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جہاز کے تمام حصوں میں مکمل صفائی اور جراثیم کش اسپرے کا عمل انجام دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ حکام کی جانب سے مزید تجزیے اور جانچ کے لیے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق یہ وائرس آلودہ خوراک، پانی، متاثرہ افراد یا آلودہ سطحوں کے ذریعے منتقل ہو سکتا ہے جبکہ ایک مریض صحت یاب ہونے کے بعد بھی کچھ عرصے تک دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اسی کروز کمپنی کے جہاز میں وائرس پھیلنے کا یہ دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا واقعہ ہے جس کے باعث مسافروں کی صحت اور حفاظتی اقدامات پر مزید سوالات اٹھ رہے ہیں۔