(دن نیوز) آسٹریلیا کرکٹ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ محدود اوورز سیریز کے لیے اپنے نئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں سینئر فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو آرام دیا گیا ہے۔ سڈنی سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ ٹیم میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام اسکاٹ کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں نوجوان بلے باز جوئل ڈیوس کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولرز رائلی میریڈتھ اور بلی اسٹین لیک کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جس سے بولنگ لائن اپ کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق سلیکشن پالیسی کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا اور مستقبل کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے۔ جارج بیلی کے مطابق سینئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع ملے گا۔ مچل مارش دونوں سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ گلین میکسویل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق سینئر فاسٹ بولرز کو آئندہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تیاری کے پیش نظر آرام دیا گیا ہے جو اگست میں شروع ہوگی۔ اس فیصلے کو مستقبل کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت آسٹریلیا نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ مختلف سیریز میں میدان میں اترے گا۔