(دن نیوز) ہنگری میں نئی حکومت کے قیام کی تقریب کے دوران نامزد وزیرِ صحت زولٹ ہیگیڈش کی جانب سے پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس نے عوامی اور سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ دارالحکومت بڈاپیسٹ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ہزاروں افراد موجود تھے جہاں نئے وزیرِاعظم پیٹر میگیار کی حلف برداری کے موقع پر جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ اسی موقع پر زولٹ ہیگیڈش نے پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر اپنا مشہور ایئر گٹار ڈانس پیش کیا جسے شرکاء اور موجود افراد نے موبائل فونز سے ریکارڈ کر لیا۔
ویڈیو میں انہیں خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اردگرد موجود افراد بھی جشن میں شریک تھے۔ رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں تھا جب انہوں نے یہ انداز اپنایا ہو بلکہ وہ اس سے قبل اپریل میں انتخابی کامیابی کے موقع پر بھی یہی ڈانس کر چکے ہیں جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئے تھے۔ تقریب کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے جھنڈے لہرا کر، موسیقی پر رقص کر کے اور مختلف نعرے لگا کر جشن منایا۔ سیاسی جماعت ٹسزا کی کامیابی کے بعد ملک میں سیاسی منظرنامے میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے کیونکہ اس کامیابی نے سابق وزیرِاعظم کی طویل سیاسی برتری کا خاتمہ کر دیا ہے۔ وائرل ویڈیو کے بعد یہ معاملہ ہنگری میں بھی مختلف مباحث کا حصہ بن گیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔