(دن نیوز)خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے مختلف علاقوں میں موسلا دھار اور ہلکی بارش کے باعث سڑکیں بند، بجلی کی فراہمی معطل اور آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق مانسہرہ، سوات، ملاکنڈ اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم کئی مقامات پر مسائل بھی سامنے آئے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، نکیال اور وادی نیلم میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ مرناٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ اسی طرح لوئر کوہستان کے علاقے جیجال کے قریب شاہراہ قراقرم بھی بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث بند ہوگئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر نالہ جاگراں میں طغیانی آنے سے کنڈل شاہی پاور ہاؤس بند کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی اور بجلی کی ترسیل بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شدید گرمی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں ہلکی بارش کے باعث موسم میں بہتری آئی اور گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔