(دن نیوز) بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار شیکھر سمن نے ایک انٹرویو کے دوران ماضی کی ایک دلچسپ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ معروف ڈاکو اور سیاستدان پھولن دیوی ان کے سوالات سے خوفزدہ ہو گئی تھیں۔ شیکھر سمن کے مطابق یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب پھولن دیوی ایک پروگرام میں شریک ہوئیں اور گفتگو کے دوران انہوں نے ان سے مختلف سوالات کیے۔ شیکھر سمن نے بتایا کہ جب پھولن دیوی کرسی پر بیٹھیں تو ان کے پاؤں زمین تک نہیں پہنچ رہے تھے جس پر انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں سوال کیا کہ جب آپ کے پاؤں زمین تک نہیں پہنچتے تو آپ ایک ہاتھ میں رائفل لے کر گھوڑے پر کیسے سوار ہوتی تھیں۔ ان کے مطابق اس سوال پر پھولن دیوی نے صرف انہیں غور سے دیکھا تاہم وہ خاموش نہیں ہوئے اور انہوں نے ایک اور سوال کیا کہ آپ نے اتنے لوگوں پر گولیاں چلائیں لیکن کیا آپ کو کبھی کسی سے ڈر بھی لگا۔ شیکھر سمن کے مطابق اس پر پھولن دیوی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ انہیں ان سے ڈر لگتا ہے کیونکہ وہ سوالات کی گولیاں چلاتے ہیں۔ اداکار نے اس لمحے کو اپنی زندگی کے یادگار ترین ٹی وی لمحات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی شخصیت جس کے نام سے لوگ خوفزدہ رہتے تھے اس کا مزاحیہ انداز میں ایسا جواب دینا سب کیلئے حیران کن تھا۔ واضح رہے کہ پھولن دیوی کی زندگی بھارتی معاشرے میں ایک غیر معمولی داستان کے طور پر جانی جاتی ہے جہاں بچپن کی شادی، غربت، جرائم کی دنیا اور بعد ازاں سیاست تک ان کا سفر مسلسل خبروں میں رہا۔ ان کی زندگی پر 1994 میں معروف فلم “بینڈٹ کوئین” بھی بنائی گئی تھی جس کی ہدایت کاری بھارتی ہدایتکار شیکھر کپور نے کی تھی جبکہ مرکزی کردار اداکارہ سیما بسواس نے نبھایا تھا۔ یہ فلم آج بھی بالی وڈ کی نمایاں سوانحی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔