کراچی میں پولیو بوسٹر مہم، اٹھارہ لاکھ بچوں کو حفاظتی خوراک فراہم کی جائے گی

(دن نیوز) کراچی کی 89 ہائی رسک یونین کونسلز میں خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں 10 سال تک کی عمر کے تقریباً 18 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے اضافی حفاظتی خوراک فراہم کی جائے گی۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے مطابق یہ خصوصی مہم 12 مئی سے 24 مئی تک جاری رہے گی اور اس دوران شہر کے حساس قرار دیے گئے علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔ حکام کے مطابق پولیو وائرس کے خطرات کے پیش نظر بچوں کو اضافی بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے اور بچوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ مہم میں مجموعی طور پر 2947 پولیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو مختلف علاقوں میں متحرک رہیں گی۔ محکمہ صحت کے مطابق اس خصوصی مہم میں جدید جیٹ انجیکٹر ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے جس کے ذریعے بغیر سوئی کے ویکسین کو تیز دباؤ کے ساتھ جلد کے نیچے منتقل کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ طریقۂ کار نسبتاً کم تکلیف دہ، محفوظ اور بچوں کیلئے زیادہ آسان سمجھا جاتا ہے۔ حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کیلئے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو کے خاتمے کیلئے مسلسل ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے کیونکہ وائرس اب بھی بعض علاقوں میں موجود ہے۔ صحت حکام کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں انسداد پولیو اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے خصوصی نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *