(دن نیوز)پاکستان کے دفتر خارجہ نے نور خان ائیر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق غیر ملکی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن، قیاس آرائی پر مبنی اور سنسنی خیز قرار دے دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ حقائق کے برعکس ہے اور اس نوعیت کے بیانیے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کیلئے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہوسکتا ہے۔ بیان میں وضاحت کی گئی کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد میں مذاکراتی عمل کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان آئے تاکہ سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور مذاکراتی امور سے وابستہ اہلکاروں کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بعض طیارے اور معاون عملہ مذاکرات کے ممکنہ اگلے دور کے پیش نظر پاکستان میں ہی موجود رہا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اگرچہ باضابطہ مذاکرات کا نیا مرحلہ تاحال شروع نہیں ہوا تاہم اعلیٰ سطح سفارتی رابطے مسلسل جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دورے موجودہ انتظامی اور لاجسٹک سہولیات کے ذریعے ممکن بنائے گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارہ جنگ بندی کے دوران آیا تھا اور اس کا کسی قسم کی فوجی ہنگامی صورتحال، دفاعی سرگرمی یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں۔ دفتر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، سفارتی روابط کو فروغ دینے اور امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کررہا ہے جبکہ غیر مصدقہ اطلاعات اور قیاس آرائیوں سے گریز ضروری ہے۔