اب اگر حملہ ہوا تو یورینیئم کی افزودگی کو 90 فیصد تک لے جائیں گے،،ایران کی بڑی دھمکی

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن فارن ڈیسک)ایران کی پارلیمانی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ امریکی یا اسرائیلی حملہ کیا گیا تو تہران یورینیئم کی افزودگی کو 90 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کر سکتا ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ممکنہ جوابی اقدامات میں یہ آپشن بھی شامل ہے اور اس معاملے کا پارلیمانی سطح پر جائزہ لیا جائے گا۔ ابراہیم رضائی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ مختلف ممکنہ حکمت عملیوں پر غور کر رہی ہے تاکہ ملک کے دفاعی، سیاسی اور جوہری مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور بیرونی دباؤ کے تناظر میں ایران اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کے عوام کے حقوق کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی متبادل موجود نہیں اور اگر عالمی قوتوں نے اس معاملے میں دباؤ کی پالیسی جاری رکھی تو اس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔ باقر قالیباف نے کہا کہ 14 نکاتی تجاویز میں شامل ایرانی عوام کے حقوق کو تسلیم کیا جانا ضروری ہے جبکہ کسی اور راستے کا نتیجہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کو طول دینے سے امریکی ٹیکس دہندگان پر مزید مالی بوجھ پڑے گا اور سفارتی حل میں تاخیر خطے کے استحکام کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ایران کے حالیہ بیانات کو خطے میں جاری کشیدگی، جوہری پروگرام سے متعلق عالمی خدشات اور امریکا و اسرائیل کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ عالمی سطح پر ان بیانات پر مختلف ردعمل سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *