ریکوری اہداف حاصل کرنے کے لیے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت کارروائی شروع

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)لیسکو نے ریکوری اہداف حاصل کرنے کے لیے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی نے مقررہ تاریخ تک ایک ماہ کا بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مہم کے دوران گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے کنکشنز بھی منقطع کیے جا رہے ہیں۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں کی بروقت وصولی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں کیونکہ کئی علاقوں میں بقایاجات کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمپنی نے اقساط کی صورت میں ادائیگی کرنے والے صارفین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر بلز جمع کروائیں، بصورت دیگر ان کے کنکشنز بھی منقطع کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لیسکو نے ایک ہی گھر میں کسی ایک صارف کے نادہندہ ہونے کی صورت میں دیگر کنکشنز منقطع کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، جس پر بعض حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق کئی علاقوں میں ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جہاں صارفین نے برسوں تک بجلی بل ادا نہیں کیے۔ بعض افراد نے پرانے واجبات ادا کرنے کے بجائے نئے میٹرز حاصل کر کے بجلی کا استعمال جاری رکھا ہوا تھا۔ لیسکو نے ایسے صارفین کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پرانے بقایاجات کی بنیاد پر نئے کنکشنز بھی منقطع کیے جائیں گے تاکہ نادہندگان سے ریکوری ممکن بنائی جا سکے۔

توانائی ماہرین کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو مالی خسارے اور لائن لاسز کے مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث ریکوری مہمات میں سختی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران صارفین کے قانونی حقوق اور شفاف طریقہ کار کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *