امریکا کا تیل بحران روکنے کیلئے اسٹریٹجک ذخائر سے بڑا اقدام

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)امریکا نے ایران سے جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور سپلائی بحران پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو سے 5 کروڑ 33 لاکھ بیرل خام تیل توانائی کمپنیوں کو قرض پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے  کے مطابق یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے عالمی توانائی مارکیٹ کو مستحکم رکھنے اور سپلائی میں ممکنہ کمی کے اثرات کم کرنے کے لیے کیا ہے۔

امریکی محکمۂ توانائی کے مطابق اس پروگرام سے 9 بڑی توانائی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا، جو بڑھتی ہوئی طلب اور عالمی رسد میں دباؤ کے دوران خام تیل کی فراہمی کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ بھی 9 کروڑ 25 لاکھ بیرل خام تیل اسٹریٹجک ذخائر سے قرض کی صورت میں فراہم کیا گیا تھا، تاہم کمپنیوں نے اس کا صرف 58 فیصد حصہ استعمال کیا۔

حکام کے مطابق مجموعی طور پر 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل خام تیل اسٹریٹجک ذخائر سے جاری کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے تاکہ ایران اور خطے میں کشیدگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور عالمی منڈی میں استحکام برقرار رکھا جائے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اس اقدام کا مقصد فوری طور پر سپلائی چین کو سہارا دینا ہے، تاہم طویل مدت میں اسٹریٹجک ذخائر کے استعمال سے توانائی پالیسی پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *