کروز میں وائرس،،سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

(دن نیوز) معروف امریکی کارٹون سیریز “دی سمپسنز” ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گئی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کروز شپ پر ہنٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ سمپسنز نے برسوں پہلے اسی نوعیت کی صورتحال کی پیشگوئی کر دی تھی۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2012 میں نشر ہونے والے سیزن 23 کے ایک ایپی سوڈ میں ایک کروز شپ پر وائرس پھیلنے کا منظر دکھایا گیا تھا جس کے بعد انٹرنیٹ پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ متعدد صارفین نے حقیقی واقعے اور کارٹون میں پیش کیے گئے مناظر کے درمیان مماثلت کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے حیران کن قرار دیا۔ تاہم فیکٹ چیک رپورٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں اور مذکورہ ایپی سوڈ میں دکھایا گیا وائرس حقیقت پر مبنی نہیں تھا۔ رپورٹس کے مطابق کہانی میں سمپسن نامی کردار نے اپنی تعطیلات بڑھانے کے لیے جان بوجھ کر جعلی وائرس کی خبر پھیلائی تھی اور پورا منظر مزاحیہ انداز میں تخلیق کیا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ “دی سمپسنز” کئی دہائیوں سے نشر ہونے والی طویل ترین اینی میٹڈ سیریز میں شمار ہوتی ہے اس لیے اس کے مختلف مناظر وقتاً فوقتاً حقیقی واقعات سے ملتے جلتے محسوس ہوتے ہیں۔ ماہرین نے یہ بھی کہا کہ کسی واقعے اور کارٹون میں دکھائے گئے منظر کے درمیان مشابہت کو پیشگوئی قرار دینا درست نہیں کیونکہ اکثر تخیلاتی کہانیوں میں ایسی صورتحال شامل کی جاتی ہے جو بعد میں حقیقی دنیا کے کسی واقعے سے ملتی جلتی دکھائی دے سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فیکٹ چیک اداروں نے صارفین کو غیر مصدقہ دعوؤں پر یقین نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *