ملک بھر میں موسم بدلنے لگا، کہیں بارش کہیں گرمی برقرار

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لاہور سمیت بالائی علاقوں میں بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ جنوبی علاقوں خصوصاً کراچی میں گرمی اور حبس کی شدت بدستور برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 9 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور آسمان پر 50 فیصد سے زائد بادل موجود ہیں، جس کے باعث سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور اور گرد و نواح میں مزید بارشوں کا امکان موجود ہے جس سے موسم مزید خوشگوار ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور شہری حبس سے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ ماہرین کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں آئندہ چند روز تک گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *