فیصل آباد میں مضر صحت ادویات کے مخصوص بیچز پر پابندی عائد

(دن نیوز) فیصل آباد میں محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کی جانب سے الرجی، انفیکشن اور خون کی کمی کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے اہم طبی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بعض ادویات کے مخصوص بیچز کو انسانی صحت کیلئے مضر قرار دیتے ہوئے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق سفوپیرازون سوڈیم، میکوبالامن اور ڈیکسامیتھاسون ادویات کے مخصوص بیچز میں ایسے مسائل سامنے آئے ہیں جن کے باعث ان کے استعمال سے مریضوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا کہ سیفوپیرازون انفیکشن کے علاج کیلئے بطور اینٹی بائیوٹک استعمال کی جاتی ہے جبکہ میکوبالامن خون کی کمی دور کرنے، اعصابی نظام کو بہتر بنانے اور جسم میں توانائی بحال کرنے کیلئے تجویز کی جاتی ہے۔ اسی طرح ڈیکسامیتھاسون الرجی اور مختلف سوزشی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا سمجھی جاتی ہے۔ محکمہ صحت نے تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، اسپتالوں اور ادویات فراہم کرنے والے مراکز کو ہدایت جاری کی ہے کہ مذکورہ ادویات کے متاثرہ بیچز فوری طور پر فروخت سے ہٹا کر متعلقہ حکام کے حوالے کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ طبی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ حکام کے مطابق ادویات کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے مختلف بیچز کے نمونے لیبارٹری تجزیے کیلئے بھجوائے گئے تھے جہاں بعض ادویات مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکیں۔ محکمہ صحت نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ ادویات استعمال کرنے سے قبل اپنے معالج یا فارماسسٹ سے رہنمائی ضرور حاصل کریں اور اگر کسی دوا کے استعمال کے بعد غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ حکام نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے مضر صحت ادویات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی جبکہ ادویات کی فروخت اور تقسیم کے عمل کی مزید سخت نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *