چینی وزیر خارجہ کا نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو فون،،امن کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ،،سعودی ولی عہد کا اماراتی صدر سے رابطہ ،، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
(دن نیوز)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی ثالثی کوششیں مزید تیز کرے۔ چینی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی صورتحال، ایران امریکا تنازع، آبنائے ہرمز اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وانگ یی نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق مسائل کے حل میں تعمیری کردار ادا کرے اور خطے میں اعتماد سازی کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان موجودہ کشیدہ صورتحال میں علاقائی امن اور استحکام کی بحالی کیلئے فعال کردار ادا کرے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں سفارتی رابطوں اور سیاسی مذاکرات کا تسلسل انتہائی اہم ہے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان بھی علاقائی سلامتی کے حوالے سے اہم رابطہ ہوا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال، سلامتی کے امور اور استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن، سیاسی استحکام اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ علاقائی کشیدگی کم کرنے کیلئے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے سفارتی رابطوں کو خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔