(دن نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بنانے والے شہری لیاقت شہید کیلئے ستارۂ شجاعت دینے کی منظوری دے دی ہے جبکہ یہ فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری تفصیلات کے مطابق لیاقت شہید نے دہشت گرد کو بروقت روک کر اور اس کی مشکوک حرکات کی نشاندہی کرتے ہوئے نہ صرف اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا بلکہ ایک بڑے جانی نقصان کو بھی ٹال دیا۔ صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ لیاقت شہید کی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی قوم کیلئے ایک روشن مثال ہے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کے سامنے ڈٹ جانا غیر معمولی بہادری کا مظہر ہے اور ایسے شہری پوری قوم کا فخر ہیں۔ فیصلے کے مطابق لیاقت شہید کے اہل خانہ کو ستارۂ شجاعت آج شام اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا جائے گا۔ شہید کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی کو سرکاری پروٹوکول کے تحت اسلام آباد روانہ کیا گیا ہے جبکہ ان کی حفاظت کیلئے ایلیٹ فورس کا خصوصی دستہ بھی ہمراہ ہوگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اعزاز ان شہریوں کی حوصلہ افزائی کیلئے دیا جاتا ہے جو غیر معمولی حالات میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دوسروں کی جانیں بچاتے ہیں۔ لیاقت شہید کے اقدام کو ملک میں شہری بہادری اور قومی خدمت کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا رہا ہے جبکہ حکام کے مطابق ان کی قربانی آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔ یاد رہے کہ جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کوہاٹ کے قریب ایک مشتبہ شخص (خارجی دہشت گرد) کھیتوں کے راستے بڑھ رہا تھاجسے ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی،لیاقت نے روک کر اس کی شناخت پوچھی،خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت موقع پر شہید ہو گیا جبکہ حملہ آور خوارجی بھی جہنم واصل ہو گیا –اس قربانی کے نتیجے میں مقامی آبادی بڑی تباہی سے بچ گئی،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہید لیاقت پاکستان ریلوے کا ریٹائرڈ ملازم تھا۔