آٹا مزید مہنگا، 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 300 روپے اضافہ

فائل فوٹو،سوشل میڈیا

(دن نیوز)پشاور میں ایک ہی دن کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مکس آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 300 روپے اضافہ ہوا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا جو پہلے 2300 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، اب 2600 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح فائن آٹے کی قیمت میں بھی 200 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2700 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گندم کی سپلائی پر پابندی کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو رہی ہے، جس کے اثرات براہِ راست آٹے کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔ تاجروں کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اسٹاک میں مزید کمی آنے کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

شہریوں نے آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی فراہمی یقینی بنانے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ماہرین کے مطابق خوراک کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کے لیے مالی دباؤ میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جبکہ گندم کی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی کے مسائل پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *