(دن نیوز)بلوچستان میں نامعلوم افراد نے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد سمیت 4 افراد کو اغواء کر لیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں اعلیٰ تعلیمی عہدیدار ایک سرکاری میٹنگ میں شرکت کیلئے گوادر سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں ان سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق دونوں افسران سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور ممکنہ طور پر انہیں مستونگ اور قلات کے درمیانی علاقے کے قریب اغوا کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغویوں کی تلاش کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم نے کہا کہ یونیورسٹی حکام اور مغویوں کے اہل خانہ سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے جبکہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں افسران کا مستونگ کے اطراف پہنچنے کے بعد رابطہ ختم ہوا جس کے بعد سکیورٹی اداروں کو متحرک کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد مستونگ، قلات اور ملحقہ علاقوں میں ناکہ بندی بھی کی گئی ہے تاکہ مغویوں اور گاڑی کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ حساس ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔ جامعہ گوادر کے تدریسی اور انتظامی حلقوں میں واقعے کے بعد تشویش کی فضا پائی جا رہی ہے اور تعلیمی شخصیات نے مغوی افسران کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔