ریاضی کے معمے نے سوشل میڈیا صارفین کو الجھن میں مبتلا کردیا

(دن نیوز) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک دلچسپ ریاضیاتی معمے نے صارفین کی بڑی تعداد کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ اسے حل کرنے کیلئے مختلف افراد کی جانب سے الگ الگ انداز اپنائے جا رہے ہیں۔ اس معمے میں چار یکساں اعداد کے مختلف مجموعوں کے ساتھ مخصوص نتائج دیے گئے ہیں اور آخری سطر میں موجود سوالیہ نشان کا جواب تلاش کرنے کیلئے اعداد کے درمیان موجود تعلق کو سمجھنا ضروری قرار دیا گیا۔ سوال میں پہلی سطر میں 6، 6، 6، 6 کے سامنے 24 لکھا گیا جبکہ دوسری سطر میں 2، 2، 2، 2 کے سامنے 00 اور تیسری سطر میں 4، 4، 4، 4 کے سامنے 08 درج کیا گیا۔ آخری سطر میں 8، 8، 8، 8 کے سامنے سوالیہ نشان دیا گیا جسے حل کرنے کیلئے صارفین کو اعداد کے پیٹرن کو سمجھنے کی ہدایت کی گئی۔ معمہ حل کرنے والوں کے مطابق اس سوال میں پہلے دو نمبروں کو آپس میں ضرب دی جاتی ہے جبکہ آخری دو نمبروں کو جمع کیا جاتا ہے، اس کے بعد حاصل شدہ دونوں نتائج میں تفریق کی جاتی ہے۔ پہلی مثال میں 6 ضرب 6 کرنے پر 36 حاصل ہوتا ہے جبکہ 6 جمع 6 کرنے پر 12 بنتا ہے، یوں 36 میں سے 12 منفی کرنے پر جواب 24 آتا ہے۔ اسی طرح دوسری مثال میں 2 ضرب 2 کا جواب 4 اور 2 جمع 2 کا جواب بھی 4 بنتا ہے، لہٰذا 4 میں سے 4 منفی کرنے پر صفر باقی رہ جاتا ہے۔ تیسری مثال میں 4 ضرب 4 کا نتیجہ 16 جبکہ 4 جمع 4 کا نتیجہ 8 بنتا ہے، اس طرح 16 میں سے 8 کم کرنے پر جواب 8 آتا ہے۔ اسی اصول کو آخری سطر پر لاگو کرنے سے 8 ضرب 8 کا جواب 64 جبکہ 8 جمع 8 کا جواب 16 بنتا ہے، اور 64 میں سے 16 کم کرنے پر حاصل ہونے والا حتمی جواب 48 بنتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس معمے کو ذہنی آزمائش اور دماغی صلاحیت بہتر بنانے والی سرگرمی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ متعدد صارفین نے اس کے مختلف متبادل حل بھی پیش کیے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *