فالسہ گرمیوں کا مفید پھل، صحت کیلئے بے شمار فوائد کا حامل

(دن نیوز) گرمیوں کے موسم میں دستیاب کھٹا میٹھا پھل فالسہ نہ صرف ذائقے کے اعتبار سے پسند کیا جاتا ہے بلکہ طبی ماہرین کے مطابق یہ انسانی صحت کیلئے بھی بے شمار فوائد رکھتا ہے۔ فالسے میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹ، کیلشیئم، غذائی فائبر، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیم، سوڈیم، وٹامن اے، وٹامن بی ون، وٹامن بی ٹو، وٹامن بی تھری اور وٹامن سی سمیت کئی اہم غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسمانی افعال کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالسے میں موجود وٹامن اے بینائی بہتر رکھنے اور عمر کے ساتھ مسلز کی کمزوری سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ وٹامن بی ون دل اور اعصابی نظام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔ اسی طرح وٹامن بی ٹو خون کے خلیات کی نشوونما اور میٹابولزم کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے جبکہ وٹامن بی تھری کولیسٹرول کو متوازن رکھنے اور دل کی شریانوں کی صحت برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ فالسے میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے جسم موسمی بیماریوں کے خلاف بہتر انداز میں مزاحمت کر سکتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فالسے کا شربت نظام تنفس کے مسائل جیسے دمہ، نزلہ اور زکام میں بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پھل میں موجود فائبر نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور پیٹ درد، متلی اور قبض جیسے مسائل سے بچاؤ میں معاون سمجھا جاتا ہے۔ فالسے میں پوٹاشیم اور پروٹین بھی پائے جاتے ہیں جو جسمانی توانائی بڑھانے اور مسلز کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالسہ دل کی صحت کیلئے بھی مفید تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور ورم کش خصوصیات امراض قلب کے خطرات کم کرنے میں معاون ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ فالسہ جلد کی صحت بہتر بنانے میں بھی مددگار سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود وٹامن سی کولیجن کی تیاری میں کردار ادا کرتا ہے جس سے جلد تروتازہ رہتی ہے اور بڑھتی عمر کے اثرات کی رفتار کم ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق فالسہ ذیابیطس کے مریضوں کیلئے بھی نسبتاً محفوظ پھل تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس کا گلیسمک انڈیکس کم ہوتا ہے اور یہ بلڈ شوگر میٹابولزم کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ مزید برآں فالسے میں موجود آئرن خون کی کمی دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے جبکہ ماہرین کے مطابق اس کے بیج کھانے سے بھی کوئی نقصان نہیں ہوتا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *