امریکی شخص نے اٹھارہویں بار لاٹری جیت کر سب کو حیران کردیا

(دن نیوز) امریکی ریاست آئیڈاہو کے رہائشی رابرٹ بیون نے اٹھارہویں بار لاٹری جیت کر ایک مرتبہ پھر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ حالیہ قرعہ اندازی میں رابرٹ بیون نے ’1,000,000 کنگ اسکریچ گیم‘ کے تحت 50 ہزار ڈالرز کا انعام حاصل کیا۔ آئیڈاہو لاٹری حکام کے مطابق رابرٹ بیون کی خوش قسمتی کا سلسلہ 1997 میں شروع ہوا تھا جب انہوں نے ایک خصوصی پروموشن کے دوران شیورلے بلیزر گاڑی جیتی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مختلف اوقات میں متعدد انعامات حاصل کر چکے ہیں جن میں دو لاکھ ڈالرز تک کی بڑی رقوم بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق رابرٹ بیون طویل عرصے سے باقاعدگی کے ساتھ لاٹری ٹکٹ خریدتے آ رہے ہیں اور ان کی مسلسل کامیابی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ بیون نے کہا کہ لاٹری کھیلنا ہمیشہ ان اور ان کی اہلیہ کیلئے تفریح کا ذریعہ رہا ہے اور دونوں کئی برسوں سے مل کر ٹکٹ خریدتے ہیں۔ جب ان سے مسلسل کامیابی کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی اصل خوش قسمتی لاٹری نہیں بلکہ چالیس سال تک ایک ذہین اور شاندار خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا ہے۔ ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین نے بے حد پسند کیا اور لوگوں نے ان کی محبت، وفاداری اور ازدواجی تعلق کو خوب سراہا۔ آئیڈاہو لاٹری حکام کے مطابق لاٹری ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی ریاست کے سرکاری اسکولوں، تعلیمی منصوبوں اور سرکاری عمارتوں کی تعمیر و مرمت پر خرچ کی جاتی ہے۔ رابرٹ بیون کی مسلسل کامیابی نے ایک بار پھر لاٹری کے شوقین افراد میں دلچسپی پیدا کر دی ہے جبکہ ان کے بیان نے سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل حاصل کیا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *