ایران نے امریکہ کو جنگ کے معاشی نتائج سے خبردار کردیا،،مالی مشکلات سےامریکی عوام ہی متاثرہونگے،،عباس عراقچی

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن فارن ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے معاشی اثرات بالآخر امریکی عوام کو برداشت کرنا پڑیں گے اور اس کے نتیجے میں مالی دباؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی ٹریژری بانڈز کی شرح منافع میں مسلسل اضافہ اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کہ مالیاتی حالات مزید سخت ہو رہے ہیں اور اس کے اثرات معیشت کے مختلف شعبوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سالہ، دس سالہ اور تیس سالہ بانڈ ییلڈز میں اضافے کے باعث قرضوں کی لاگت بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ ہاؤسنگ مارگیجز، صارفین کے قرضے اور دیگر مالی سہولیات بھی مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور خطے میں عدم استحکام کے باعث عام امریکی شہریوں پر مالی دباؤ میں اضافہ ہوگا اور گھریلو اخراجات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ عباس عراقچی نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے بچا جا سکتا تھا تاہم امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھی بلکہ عالمی معیشت پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث عالمی مالیاتی منڈیاں غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں اور سرمایہ کاری، توانائی اور تجارتی سرگرمیوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق ایران کی جانب سے آنے والا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں، مالیاتی پالیسیوں اور خطے میں جاری کشیدگی کے معاشی اثرات پر مسلسل بحث جاری ہے جبکہ مختلف ممالک عالمی معیشت پر ممکنہ دباؤ کے خدشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *