بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے کمیٹی کی تجویز مسترد،، قوانین میں ایسی کسی کمیٹی کی گنجائش موجود نہیں،،رانا ثنااللہ

فاعل فوٹو۔۔سورس گوگل

(دن نیوز)حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کیلئے حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ قوانین میں ایسی کسی کمیٹی کی گنجائش موجود نہیں۔ سینیٹ میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملاقاتوں کے نظام کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اس حوالے سے قانون اور جیل قواعد کے مطابق ہی فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو وہ متعلقہ عدالت یا ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو تمام ضروری طبی سہولیات اور بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور حکومت اس معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بھی اپوزیشن کے مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ایسا سیاسی معاملہ نہیں جس پر ایوان کو خصوصی یقین دہانی کرانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحت سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آتا ہے تو حکومت فوری اقدامات کرتی ہے اور طبی ایمرجنسی کسی مخصوص وقت کی پابند نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت اسپتال منتقلی پر اعتراض مناسب نہیں کیونکہ طبی ضروریات کے مطابق ہی فیصلے کیے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ کیا تھا جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے تجویز دی تھی کہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے جو قیدیوں سے ملاقات کر سکے۔ حکومتی مؤقف سامنے آنے کے بعد اس معاملے پر سیاسی بحث میں مزید شدت آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *