شمالی ٹیکساس میں ورلڈ کپ 2026 کی تیاریاں تیزی سے جاری

فائل فوٹو،سورس گوگل

(دن نیوز)شمالی ٹیکساس میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، جہاں نارتھ ٹیکساس فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے امریکی فٹبال کی معروف ٹیم ’ڈیلس کاؤبائز‘ اور ممتاز اسپورٹس و کاروباری شخصیت ڈینیئل ایل ہنٹ کو باضابطہ طور پر ’آفیشل ڈیلس ورلڈ کپ ہوسٹ سٹی سپورٹرز‘ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس اعلان کے بعد کھیلوں کے حلقوں اور مقامی عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے اور فٹبال شائقین اسے ڈیلس کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دے رہے ہیں۔ ان شخصیات اور اداروں کی شمولیت سے ورلڈ کپ 2026ء کے دوران ڈیلس کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کرنے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق یہ شراکت داری صرف کھیلوں تک محدود نہیں بلکہ کمیونٹی انگیجمنٹ، ثقافتی سرگرمیوں اور خطے کی عالمی شناخت کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ کمیٹی کی صدر مونیکا پال نے کہا کہ ڈیلس کاؤبائز اور ڈینیئل ایل ہنٹ جیسے عالمی شہرت یافتہ ناموں کی شمولیت پورے خطے کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ڈیلس کاؤبائز کے چیف آپریٹنگ افسر اسٹیفن جونز نے کہا کہ یہ عالمی ایونٹ نہ صرف شمالی ٹیکساس کو بین الاقوامی سطح پر توجہ دلائے گا بلکہ طویل المدتی طور پر مثبت اثرات بھی چھوڑے گا۔ ان کے مطابق ’ہوسٹ سٹی سپورٹر‘ کا حصہ بننا ایک اعزاز ہے اور وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ڈینیئل ایل ہنٹ نے کہا کہ فٹبال ان کے خاندان اور خطے کی شناخت کا اہم حصہ ہے اور ورلڈ کپ 2026ء نئی نسل کے لیے ایک تاریخی موقع ہوگا۔ ان کے مطابق شمالی ٹیکساس عالمی فٹبال کے ذریعے اپنی شناخت مزید مضبوط کرے گا۔

ڈیلس، جو 16 میزبان شہروں میں شامل ہے، 9 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے، جبکہ مختلف مقامات پر فین فیسٹیولز اور دیگر سرگرمیاں بھی منعقد ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق یہ ایونٹ مقامی معیشت، سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی انتہائی مثبت ثابت ہوگا۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *