(دن نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کی دوسری بڑی سرمایہ منڈی تک رسائی حاصل کر لی ہے اور پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ چینی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوئی ہے جو ملکی معیشت اور بین الاقوامی مالیاتی ساکھ کیلئے اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ پروگرام کے تحت سات اعشاریہ دو ارب چینی یوان کے حجم کا پروگرام قائم کیا گیا ہے جس سے پاکستان کو متبادل مالیاتی ذرائع میسر آئیں گے اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ محمد اورنگزیب کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کار پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی روابط مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ اب چینی کرنسی آر ایم بی اور یوان میں انجام دیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ نہ صرف پاکستان کیلئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ عالمی سطح پر چینی کرنسی کے استعمال اور پذیرائی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی شراکت داری کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے نفاذ کیلئے پرعزم ہے اور ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا ہے اور حکومت معیشت کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق مالیاتی شعبے میں حالیہ پیشرفت سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں ساکھ بہتر ہوئی ہے جبکہ چین کے ساتھ بڑھتا ہوا اقتصادی تعاون مستقبل میں مزید سرمایہ کاری، تجارتی وسعت اور مالیاتی استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔