(دن نیوز) سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور شادی ہالز کو مقرر کردہ بندش کے اوقات سے استثنیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد کاروباری مراکز معمول کے مطابق اپنے اوقات کار جاری رکھ سکیں گے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مخصوص اوقات مقرر کیے گئے تھے تاہم موجودہ معاشی صورتحال، کاروباری ضروریات اور تاجروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے اور اسی مقصد کے تحت تاجر برادری اور صنعت کاروں سے مشاورت کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ فیصلے کرتے وقت عوامی مفاد، زمینی حقائق اور مختلف شعبوں کی ضروریات کو سامنے رکھا جاتا ہے جبکہ تاجروں اور صنعت کاروں کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس امر سے آگاہ ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں کاروباری طبقہ مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اس لیے ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سینئر وزیر کے مطابق دکانوں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار میں نرمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ، خریداری کے بہتر مواقع اور شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی جبکہ مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیوں کا دورانیہ بڑھنے سے معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی تاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور ایسے فیصلے کیے جائیں گے جن سے کاروباری ماحول بہتر ہو اور معیشت کو استحکام ملے۔ شرجیل میمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت بھی کاروباری اوقات کار میں نرمی کا اعلان کر چکی ہے جس کے بعد مختلف صوبوں میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پابندیوں میں نرمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ کاروباری حلقوں نے سندھ حکومت کے فیصلے کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے تاجروں کے مالی مسائل میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی جبکہ شہریوں کو بھی خریداری کیلئے زیادہ وقت میسر ہوگا۔